لالیاں میں 220/132 کے وی گرڈ اسٹیشن منصوبے کا افتتاح، سوا سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا

34

چنیوٹ، 31 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر نے لالیاں میں 220/132 کے وی گرڈ اسٹیشن منصوبے کا افتتاح کردیا ہے،منصوبے کامئی 2021 میں  آغاز کیا گیا جوسوا سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا،500 میگا واٹ کا منصوبہ چار ارب کی لاگت سے مکمل ہوا۔

وفاقی وزیر نے پیر کو افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فسادیوں نے 4 سال سی پیک روکے رکھا ،اب شہباز شریف نئے جذبے  سے آگے لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  نواز شریف نے سی پیک لا کر ترقی کی بنیاد رکھی، نواز شریف اور شہباز شریف کا مشن ہے کہ اس مٹی کو سنوارنا ہے، پاکستان کو دوبارہ ترقی کی موٹروے پر ڈالنے کا چیلنج درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال ترقی دشمن ٹولہ اس ملک پرمسلط رہا جس سے ملک کی ترقی رک گئی۔

انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ  ہمارا مشن روشنی بانٹنا ہے اور ہم اس ملک کو سنوارنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں اور کہا کہ اس گرڈ اسٹیشن کے قیام سے چنیوٹ اور اس کے نواحی علاقوں میں ناصرف وولٹیج بہتر ہوئے ہیں بلکہ یہاں صنعتوں کی ترویج  میں بھی  مدد ملے  گی۔

سی او فیسکو نے کہا کہ نئے منصوبہ سے سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن میں صارفین کو مکمل وولٹیج میسر آئینگے ۔

ایم ڈی این ٹی ڈی سی نے کہا کہ لالیاں گرڈ اسٹیشن نے فیسکو ریجن میں لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئیگی ۔