مری،12اکتوبر(اے پی پی ): پھگواڑی میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے سابق دور حکومت میں قائم ہونے والا گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کی عمارت میں دراڑیں پڑھنےکے باعث عمارت کو طالبات سےخالی کرالیا گیا۔ کالج کے سامنے والے بلاک میں کلاس رومز کی دیواروں اور فرش پر بڑی بڑی دراڑیں سامنے آنے پر پرنسپل نے طالبات کو کلاس رومز سے فوری باہر نکال دیا ہے، بڑی دراڑوں کے باعث بلڈنگ کے زمین بوس ہونے کا اندیشہ ہے ۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو بار بار لیٹرز بھی لکھے گئے ہیں لیکن تاحال اسکی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں ہوسکے ہیں ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ بلڈنگ مذکور کالج کی عمارت کو خطرناک بھی قرار دے چکا ہے ۔جس کے بعد کالج طالبات اور اساتذہ میں شدید تشویش پائی جانے لگی ہے۔ طالبات کے والدین نے وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔