ملتان، 11 اکتوبر(اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے رواں ہفتے کے لئے خصوصی صفائی آپریشن کا شیڈول جاری کردیاہے، شیڈول کے مطابق آج منگل کو یونین کونسل 37 میں خصوصی صفائی آپریشن لانچ کیا گیا،اسی طرح بدھ کو یونین کونسل 4 میں خصوصی صفائی آپریشن کیا جائے گا، جمعرات کو کھاد فیکٹری سے این ایل سی بائی پاس تک شاہراہ کی صفائی ہوگی،جمعہ کے دن بہاولپور بائی پاس سے وہاڑی چوک تک روڈ کی خصوصی صفائی ہوگی اور ہفتہ کو پرانا شجاع آباد روڈ کی شہر کے انٹری گیٹ تک صفائی ستھرائی ہوگی۔
خصوصی صفائی آپریشن سپیشل صفائی اسکواڈ سرانجام دے گا،شہر کے تمام سیکٹرز میں معمول کا صفائی آپریشن بھی جاری رہے گا۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے آج صبح سویرے شہر کا دورہ کیا اور ورکرز سے ملاقات کی۔انہوں نے عزیز ہوٹل،ٹمبر مارکیٹ، بھٹہ کالونی، ڈیرہ اڈا اور شاہین مارکیٹ میں صفائی کا جائزہ لیا۔
محمدفاروق ڈوگر نے سڑکوں پر کچرا پھینکے جانے کا سخت نوٹس لیا اور انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو پھلوں اور سبزیوں کا کچرا سڑکوں پر پھینکنے والوں دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ نوٹسسز کی کاپی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو بھجوائی جائے تاکہ تادیبی کارروائی کی جاسکے۔