میرپورخاص،26 اکتوبر ( اے پی پی): ایوان صحافت کی جانب سے سینئر ممبر ایوان صحافت میرپورخاص راجہ سندھی کی رہائش گاہ شہید بینظیر آباد ( مینگھواڑ پاڑا) میں ہندو برادری کے روشنیوں کے تہوار دیوالی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں مذہبی رواداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے سیاسی، سماجی، صحافتی حلقوں سے تعلق رکھنے والے مسلمان بھاٸیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بہترین آتش بازی کے ساتھ آنے والے مہمانوں میں سندھ کی ثقافت اجرک کے تحائف پیش کیئے گئے، دئیے جلائے گئے، پٹاخے جلا کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر محفل کو گرما دیا۔
اس موقع پر شرکاء نے تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے جہاں ہم تمام مذاہب کے لوگ صدیوں سے اکٹھے رہتے اور آپس میں محبتیں بانٹتے آئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج تک ہم مذہبی تہوار بھی آپس میں مل کر مناتے ہیں۔
تقریب کے آرگنائزر راجہ سندھی نے کہا کہ ہمارا دیوالی کا تہوار بہت بڑا تہوار ہے جسے ہم ایک ساتھ مل کر مناتے ہیں تو دل کو بہت سکون ملتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہر سال دیوالی کے موقع پر ہم مل کر یہاں اس تہوار کو مناتے ہیں۔
تقریب میں ایوان صحافت میرپورخاص کے صدر مختیار کیریو جرنل سیکریٹری اظہر چدڑ، فلک شیر،ملک عبدالرزاق، نثار مانی، زمان قائم خانی، سی ایم رضا رند، سینئر صحافی سجاد رند یاسر بلوچ، نریش سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
تقریب میں مری برادری کے معززین حاجی حسین خان مری، حماد خان مری، سردار رشید پھنور، ڈگری سے تعلق رکھنے جیئرام عرف جے ڈی، ذاھد آباد سے دلیپ، شیوا لال لیلو، لال مندر کی انتظامیہ رمیش کمار وینسی مل منگلانی، پریتم داس کیلارام کیلانی مقامی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔