وزیر اعظم شہباز شریف سیکا سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے  12 اکتوبر  کو قازقستان پہنچیں گے

10

اسلام آباد، 11 اکتوبر (اے پی پی ):وزیر اعظم شہباز شریف 12-13 اکتوبر کو قازقستان کے شہر آستانہ میں سیکا ( CICA )کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کرینگے ۔وزیر اعظم 13 اکتوبر کو سیکا (CICA) کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جس دوران  وزیر اعظم علاقائی و عالمی مسائل پر پاکستانی نقطہ نظر کو بھی اجاگر کرینگے۔

اس موقع پر وزیر اعظم مختلف سیکا رکن ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے، ملاقات کا مقصد ان ممالک سے تجارت، سرمایہ کاری وتوانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے، سیکا (CICA) بین الحکومتی تنظیم ہے جس میں پورے ایشیا کے 27 ممالک شامل ہیں، یہ تنظیم پانچ وسیع شعبوں کے تحت اعتماد سازی کےاقدامات کو فروغ دیتی ہے۔ان میں اقتصادی جہت، ماحولیاتی جہت، انسانی جہت، نئے چیلنجز وخطرات اور عسکری و سیاسی جہت شامل ہیں۔