کشمیریوں پر  بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات

4

اسلام آباد،27اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں  دنیا کو  اصل  صورتحال  سےآگاہ کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کی حالت زار   بارے   شعور اجاگر کرنے اور   جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی  تسلط کی مذمت کے لئے ڈیجیٹل فوٹو گرافی اور پینٹنگ کی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیری عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، یہ دن ہر سال بھارت کے مقبوضہ وادی میں غیر قانونی تسلط کے خلاف کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا بنیادی مقصد اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے علاوہ  بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط  جموں و کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کے بارے میں طلباء میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے تصویری نمائش میں طالب علموں کے اظہار کردہ جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبا نے اپنی پینٹنگز کے ذریعے کشمیری عوام کے دکھوں کی واضح عکاسی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لئے بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں مؤثر طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے تصویری نمائش کے انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے نمائش میں شرکت کرنے والے اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء  کی نمائش کو کامیاب بنانے کے لئے کاوشوں کی تعریف کی۔ قبل ازیں وفاقی سیکریٹری وزارت اطلاعات شاہیرہ شاہد نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے تصویری نمائش کا کا دورہ بھی کیا اور طلبا سے فرداً فرداً ملاقات کر کے ان کی تیار کردہ تصاویر کے بارے میں گفتگو کی۔

 تصویری نمائش میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط   جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کی گئی اور معصوم کشمیری عوام کے خلاف بھارتی قابض افواج کے مظالم کو اجاگر کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز نے مقبوضہ کشمیر پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی جس میں کشمیر کے پس منظر اور اس کی تاریخ کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات نے پینٹنگ کا مقابلہ جیتنے والوں میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کی رابعہ ظفر نے پہلی پوزیشن، انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے طالب علم آفاق احمد نے دوسری، قائداعظم یونیورسٹی کے محمد فہیم نے تیسری جبکہ اسلام آباد کالج فار گرلز کی طالبہ ہمنا نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے مقابلے کے فاتحین کو مبارکباد بھی پیش کی۔