ہائی کورٹ نے واضح کردیا کہ نواز شریف کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں؛سید نوید قمر

5

ٹنڈومحمدخان(اے پی پی): وفاقی وزیر صنعت و تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ عمران خان ایک جھوٹا اور ملک دشمن شخص ہے، وہ اپنا ہی بویا ہوا کاٹ رہا ہے، ہائی کورٹ نے واضح کردیا کہ نواز شریف کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے، ان کی ملک واپسی ن لیگ کا پارٹی معاملہ ہے۔

 یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں صحافی حیدر شورو کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔ سید نوید قمر نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد ملکی معاملات کی پاسداری کے بجائے ذاتی دشمنی پر اتر آئے، انہوں نے آڈیو لیکس کو توڑ مروڑ کے پیش کیا، آڈیو لیکس کا معاملہ سیکنڈری ہے تاہم اس کی تحقیقات پرائمری ہے، عمران خان کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے اچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کوئی دشمن نہیں ہے، وہ خود اپنا دشمن ہے۔

سیلاب متاثرین کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر صنعت و تجارت سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ سیلاب تو تباہی مچا کر چلا گیا ہے، جن علاقوں میں سیلابی پانی موجود ہے  اس کی نکاسی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو اس وقت وبائی امراض کا سامنا ہے جس کے لیے محکمہ صحت کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

 وفاقی وزیر سید نوید قمر کا کہنا تھا کہا کہ دنیا میں سب سے بڑا ریلیف عوام کو پاکستان نے دیا ہے، اس وقت تک 50 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں جو کہ سیلاب متاثرہ افراد میں فی کس 25 ہزار روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیوائس ہولڈرز کی جانب 25 ہزار ادائیگی میں ناجائز کٹوتی کی شکایات مل رہی ہیں، ایسے افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

سید نوید قمر نے کہا کہ سندھ حکومت عوام سے کئے وعدے پر عمل پیرا ہے، سندھ کے تمام اضلاع میں سستے آٹے کی فراہمی کے اسٹال لگا دیے گئے ہیں جہاں عوام کو 65 روپے کلو آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کے چھوٹے کاشتکاروں کو گندم کے بیج کی فراہمی کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔

مہنگائی میں کمی کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز و گڈز ٹرانسپورٹرز بھی اپنے کرائے کم کریں گے جس سے مہنگائی میں کمی واقع ہوگی۔

 نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس سوال کا جواب تو ن لیگ ہی دے گی، مجھے ان کی ملک واپسی کے حوالے سے کوئی علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں ان پر لگنے والے الزامات کو ہائی کورٹ نے بھی ٹھوس شواہد نا ہونے کے باعث موخر کردیا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان نے نواز شریف پر جھوٹے مقدمات بنائے جو آج تک ثابت نہیں ہوسکے ہیں۔

قبل ازیں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی افسران کی میٹنگ میں شرکت سمیت تحصیل بلٹی شاہ کریم کے متعدد علاقوں کا دورہ بھی کیا۔