اوکاڑہ،24نومبر(اے پی پی ): پاکستان ٹیلی ویژن کی 58 ویں سالگرہ کی تقریب جمعرات کو یہاں سٹی پریس کلب میں منائی گئی ۔اس موقع پر پی ٹی وی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر شمیم الحق ،ڈاکٹر افتخار امجد ،پروفیسر ریاض خان ،ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن ،ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال ، طارق مجید مغل ،اصغر مغل،حاجی محمد یونس مغل ،مرزا فدا حسین ،مصطفی مغل جی ،چوہدری ساجد پروفیسر امین انجم،عابد حسین مغل اور دیگر شرکاء موجود تھے ،جنہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے معاشرتی اقدار کے فروغ ،تہذیبی ترقی اور تعلیم کے فروغ میں جو کردار ادا کیا ہے وہ سب پر عیاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے فنکاروں کی آبیاری کی اور پی ٹی وی نے پاکستان کوفن اداکاری باہم عروج بخشا ہے، پی ٹی وی ایک تحریک کا نام ہے جس کی ایک تابندہ اور درخشاں تاریخ ہے ،پی ٹی وی سے منسلک لوگ اپنے ادارے پر فخر کر سکتے ہیں اور ہر پاکستانی پی ٹی وی کو اپنا چین تصور کرتا ہے۔