بہاولنگر؛ ورلڈ اینٹی کرپشن ڈے  کی مناسبت سے مضمون نویسی و ڈرائنگ کے مقابلہ جات ، سمینار اور واک کا بھی انعقاد

11

بہاولنگر،24 نومبر ( اے پی پی ):  ورلڈ اینٹی کرپشن ڈے 9 دسمبر کے تناظر میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول بہاولنگر میں تقریری ، مضمون نویسی و ڈرائنگ کے مقابلہ جات انسداد بدعنوانی کے موضوع پر سمینار اور واک کا بھی انعقاد کیا گیا جبکہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی 9 دسمبر کو ورلڈ اینٹی کرپشن ڈے منایا جاتا ہے۔

سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر عباس چٹھہ ،ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان محمد رمضان ،ڈائریکٹر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول نگر کیمپس ڈاکٹر رفاقت علی باجوہ،ایس ای اریگیشن منیر عباسی ،پرنسپل ڈی پی ایس پروفیسر محمد شفیق ،صدر شعبہ اردو آئی یو بی ڈاکٹر عبداللہ ، ایڈیشنل رجسٹرار آئی یو بی ظفر عباس کھچی اور تمام محکموں کے افسران ، اساتذہ اور سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔

 سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کرپشن سے معاشرے کھوکھلے ہو جاتے ہیں اور بدعنوانی کی وجہ سے محکموں کی ساکھ و اعتماد مخدوش ہونے کے ساتھ جمہوری اصولوں اور اخلاقیات اور کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی اور نظام انصاف اور قانون کی حکمرانی کو بھی بہت نقصان پہنچتا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کا ہر سطح پر سدباب لازمی ہے اور کرپشن کے عفریت کو قابو کرنا بیحد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و کامیابی کے لیے موثر احتساب کا نظام ازبس ہے اور کرپشن کی بیخ کنی سے ہی ملک و معاشر ے ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ حکومت شفافیت کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اقدامات بروئے کار لارہی ہے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے محکمانہ سروسز کو ڈیجیٹائزڈ اور گورننس میں اصلاحات سے بہت کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ حکومتی کاوشوں اور انسداد بدعنوانی کے ذمہ دار اداروں و محکموں کی بدولت تمام شعبوں میں ٹرانسپیرنسی میں بہتری آرہی ہے نیز عوام الناس میں بھی کرپشن کے خلاف شعور بیدار ہورہا ہے۔

 قبل ازیں انسداد بدعنوانی کے موضوع پر تقریری، مضمون نویسی اور ڈرائنگ کے مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے جن میں طالب علموں  نے بھرپور حصہ لیانیز ڈی پی ایس سے لیکر ستلج پارک چوک بہاولنگر تک واک بھی کی گئی جس میں تمام انتظامی افسران ، اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اینٹی کرپشن ڈے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا تھا۔