جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اداروں کی کارکردگی کو بہت بہتر بنایا جاسکتا ہے، چئیرمین ملتان

3

ملتان 07، نومبر)اے پی پی ): چئیرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی آدم سعیدراں نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اداروں کی کارکردگی کو بہت بہتر بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا  کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں ای فائلنگ سسٹم لانچ کیا جائے گاجس سے تمام شعبوں میں شفافیت آئے گی۔یہ بات انہوں نے کمپنی ہیڈآفس میں آئی ٹی ڈیپارٹنمنٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ صفائی بارے پبلک کمپلینٹ سسٹم کو مزید موثر بنایا جائے اور ایسا نظام اپنایا جائے کہ کمپنی کے ایگزیکٹیوز شکایت اور اس کے ازالے بارے سرگرمی کو آن لائن واچ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ شکایات کے تیز ترین ازالے سے عوام کے دل جیتے جاسکتے ہیں جس سے شہریوں کا کمپنی کی کارکردگی پر اعتماد بڑھے گا۔آدم سعید راں نے کہا کہ لاہور صفائی کمپنی کی طرز پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں بھی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹنمنٹ قائم کیا جائے گا تاکہ نئے منصوبے شروع کرکے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔انہوں نے آئی ٹی ڈیپارٹنمنٹ میں کمپلینٹ سنٹر، ٹریکر پورٹل اور سی سی ٹی وی کے ذریعے سیکیورٹی کی غرض سے پارکنگ یارڈ میں لگائے گئے کیمروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چئیرمین آدم سعید راں کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 1139 پر آنیوالی شکایات کا24 گھنٹے میں ازالہ کردیا جاتا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیلپ لائن،فیس بک، واٹس ایپ اور ٹوئٹر پر آنیوالی شکایات کو حل کرنے کے لئے متعلقہ سیکٹر انچارج کو بھیج دیا جاتا ہے اور  سیکٹر آفیسر سے شکایت بارے فیڈ بیک بھی  لیاجاتاہے جبکہ ازالہ ہونے پر صفائی بارے شکایت کرنیوالے شہری سے رابطہ کرکے تصدیق بھی کی جاتی ہے۔آدم سعید راں کو بتایا گیا کہ شہری صبح7 بجے سے سہہ پہر 4بجے تک ہیلپ لائن پر شکایت کرسکتے ہیں۔  ٹریکر کے ذریعے فیلڈ میں کام کرنیوالی  مشینری کی مانیٹرنگ بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف انٹرنل آڈیٹر آصف طاہر اور منیجر آپریشنز انوارالحق بھی اس موقع پر موجود تھے۔