شعبہ زراعت کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے کاشتکاروں کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمدخالد

3

 نارووال،24 نومبر( اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمحمدخالد نے کہا ہے کہ شعبہ زراعت کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے کاشتکاروں کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے، کیونکہ شعبہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے ،شعبہ زراعت کی ترقی میں کاشتکاروں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔اس سلسلہ میں پنجاب حکومت کا شتکاروں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ حکومت کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایڈوائزری و ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایڈوائرزی اورڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کے حوالے سے محکمہ زراعت کی طرف سے کی جانے والی کارروائیوں اور کاشتکاروں کے مسائل کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹر زراعت(توسیع)نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ زراعت کی ٹاسک فورس ٹیمیں بھرپور طریقے سےکام کررہی ہیں۔ اس سلسلہ میں عوامی شکایات پر مختلف مقامات سےکھادوں کے86 نمونے لئے گئے، جنہیں متعلقہ لیبارٹری بجھوا دیاگیا جن میں آب تک 52 نمونہ جات کے رزلٹ موصول ہوئےہیں جن میں36فٹ جبکہ16 کوان فٹ قرار دیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت نے بتایاکہ کسانوں کو درپیش مسائل کے لئے محکمہ زراعت اپنے تمام وسائل بروئے کارلارہا ہے اور شعبہ زراعت کے فروغ کے حوالے سے انہیں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کرنے کے لئے تینوں تحصیلوں میں فارمر ڈے کا انعقاد بھی کیا جارہاہے جس میں کاشتکاروں کو مفید مشورے دیئے گئے۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرزذوہیب انجم،شیزہ رحمان اسسٹنٹ ڈائریکٹرزراعت احسان الحق پنوں،محمد علی،ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹرمحمد سعید، ڈی آئی او احسان الحق چوہدری،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن محمدتنزیل،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولراسراراحمدخاں شیروانی، اسسٹنٹ پراسیکیوٹرسدرہ بٹ کے علاوہ نمائندہ کھاد ڈیلرحاجی محمدارشاداورنمائندہ کاشتکاران نے شرکت کی۔