شوگر ملز  25 نومبرسے کرشنگ سیزن شروع کریں گے ؛ قائمقام ڈپٹی کمشنراوکاڑہ ظہیرلیاقت بیگ

10

اوکاڑہ،24نومبر(اے پی پی ):قائمقام ڈپٹی کمشنرظہیرلیاقت بیگ نے کہا ہے کہ شوگر ملز کا 25 نومبر کو کرشنگ سیزن شروع کرنے سے نہ صرف ضلع کے کاشتکاروں کوآسانی ہوگی بلکہ شوگر ملز مالکان اور کاشتکاروں کے معاملات بھی خوش اسلوبی سے آگے بڑھ سکیں گے، ضلعی انتظامیہ کاشتکاری سے وابستہ افراد کی آسانی اور سہولت کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوگر ملز انتظامیہ ،کسان اتحاد ،کسان بورڈ کے نمائندوں اور گنے کے کاشتکاروں کے نمائندہ وفد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ قائمقام ڈپٹی کمشنرظہیرلیاقت بیگ نے کہا کہ ضلع کی سطح پر تمام سرکاری محکمے زرعی شعبہ کی ترقی اور صنعت و حرفت سے وابستہ معاملات کی بہتری کے لئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اس سلسلہ میں کسان اتحاد اور کسان بورڈ کی جانب سے پیش کی جانے والی قابل عمل تجاویز کو بھی ہمیشہ اہمیت دی گئی ہے۔

قائمقام ڈپٹی کمشنر ظہیر لیاقت بیگ نے کہا کہ کرشنگ سیزن کے آغاز کے لئے پنجاب حکومت نے 25 نومبر کی تاریخ طے کی ہے جس عملد ر آمد کے لئے تمام ممکنہ اقداما ت کئے جائیں گے ۔ کسان بور ڈ اور کسان اتحاد کے نمائندوں نے گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے جو تجاویز پیش کیں ہیں ان کے حل کے لئے تمام اقدامات کریں گے۔

اجلاس میں گنے کے کاشتکاروں کو ان کی فصل کی ادائیگی کے طریقہ کار اور ان کو درپیش مشکلات سے متعلق بھی بتایا۔قائمقام ڈپٹی کمشنرظہیرلیاقت بیگ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گنے کے کاشتکاروں کی سہولت اور شوگر ملز کے لئے جو بھی پالیسی مرتب کی ہے اس پر عملد رآمد کو یقینی بنا یا جائے گا۔

اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم خالد جاوید بھٹی، شوکت علی چدھڑ صدر کسان بورڈ پاکستان، میاں خالد پرویز کسان بورڈ اوکاڑہ رائے عبدالوحید ممبرکسان بورڈ،چوہدری

 عبدالقیوم ممبر شوگر کین کمیٹی، رائے مشتاق احمد ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، محمد ندیم اقبال ایگرکلچر آفیسر، رائے حسن نواز خان، چوہدری جاوید اقبال جی ایم بابا فرید شوگر ملز،مرزا محمد علی جی ایم عبد اللہ شوگر ملز، رائے سجاد کسان بورڈ، سید محمد علی شاہ کرمانی،غلام جیلانی، ساجدہ رزاق اسسٹنٹ کمشنرزیر تربیت، چوہدری محمد یسین چیئرمین کسان بورڈ پنجاب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔