قومی اسمبلی نے سماعت سے محروم افراد کی میڈیا تک رسائی کویقینی بنانے کے بل سمیت دوبلوں کی منظوری دیدی

39

اسلام آباد،24نومبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی نے سماعت سے محروم افراد کی میڈیا تک رسائی کویقینی بنانے کے بل سمیت دوبلوں کی منظوری دیدی ہے ۔

جمعرات کوقومی اسمبلی میں وجیہہ قمرنے  سماعت سے محروم افراد کی میڈیا تک رسائی کویقینی بنانے کے بل افراد”سماعت سے محروم”میڈیا تک رسائی بل 2022 ایوان میں زیرغورلانے کی کی اجازت مانگی، ڈپٹی سپیکرکی جانب سے اجازت ملنے پرانہوں نے بل ایوان میں پیش کیا، ایوان نے بل کی شق وارمنظوری دیدی۔پی پی پی کے قادرخان مندوخیل نے بین الاقوامی ادارہ برائے ٹیکنالوجی،ثقافت وعلوم صحت بل 2022 ایوان میں پیش کرنے کی اجازت مانگی، اجازت ملنے پرانہوں نے بل ایوان میں پیش کیا، حکومت کی جانب سے بل کی مخالفت نہیں کی گئی، بعدازاں ایوان نے کثرت رائے سے بل کی شق وار منظوری دیدی۔

قومی اسمبلی میں قادر خان مندوخیل کے ژوب ریلوے سٹیشن اور اس کی ملحقہ اراضی پر تجاوزات سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی تباہی کے ہم سب ذمہ دار ہیں کیونکہ ماضی میں برسر اقتدار حکومتوں نے اس ادارے کی زمینوں پر قبضے واگزار کرانے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا، ژوب ریلوے سٹیشن پر قبضے واگزار کرانے کے لئے جلد ہی موثر آپریشن کریں گے۔

 قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عبدالاکبرچترالی نے کہاکہ آئین پاکستان ایک ایسی دستاویز ہے کہ اگر اس پرعمل کیا جائے توحکومت،ملک اور22 کروڑ عوام کیلئے سودمندہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے سینیارٹی کی بنیاد پرآرمی چیف اورچئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف مقررکیاہے یہ آئین کی بالادستی کی واضح مثال ہے، میں نئے آرمی چیف کومبارکباد دیتا ہوں اورتوقع رکھتا ہوں کہ وہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کوبروئے کار  لاتے ہوئے ملکی سرحدوں کی حفاظت کویقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سبکدوش ہونے والے  آرمی چیف  نے کل جوتقریر کی ہے وہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب سیاستدانوں کا  امتحان ہے، نیوٹرلز کو گالی اگرنہ بنایا جاتا توبہتر ہوتا۔ گزشتہ کئی ماہ سے کئے جانیوالے اقدامات سے واضح ہے کہ فوج سیاست سے علیحدہ ہوگئی ہے، نئے آرمی چیف  کے ساتھ ساتھ  سیاستدانوں کوبھی اس حوالہ سے اپنا کردار اداکرنا چاہئے۔

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کا مینڈیٹ تھا، آگے بڑھنے کے لئے ضروری ہے کہ اس طرح کے معاملات کو آئندہ سنسنی خیز بنانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں  نے  نئے آرمی چیف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اتحادی جماعتوں سے اس ضمن میں مشاورت کی۔ انہوں نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دفاع وطن کے لئے اپنی بہترین خدمات سرانجام دیں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے ساتھ ساتھ ایجنڈے میں شامل قانون سازی اور اہم امور نمٹائے گئے۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے قومی اسمبلی کا اجلاس قومی اسمبلی کا اجلاس (کل) جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔