چیئرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کا کمپنی ورکشاپ اور پارکنگ یارڈ کا دورہ

7

ملتان،25نومبر(اے پی پی):چیئرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی  آدم سعید راں نے  کمپنی ورکشاپ میں کشادہ سٹور روم تعمیر کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مشینری کے پارکنگ یارڈ ایریا میں  سروس اسٹیشن قائم کیا اور فرش تعمیر  کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے کمپنی ورکشاپ اور پارکنگ یارڈ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔کمپنی کے سی ای او حق نواز چوہان بھی انکے ہمراہ تھے۔ آدم سعید راں نے کہا کہ سروس اسٹیشن اور  سٹور روم کی تعمیر کے لئے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے تخمینہ لاگت تیار کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو فیلڈ میں پنکچر لگانے کے لئے موبائل وین کا بھی انتظام کیا جائے۔

سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حق نواز چوہان نے ورکشاپ میں موجود ناقابل استعمال اشیاء کی نیلامی کا حکم دیا اور کہا کہ استعمال شدہ  بیٹریوں،انجن آئل اور فلٹرز کی نیلامی کے لئے  بورڈ سے منظوری حاصل کی جائے۔انہوں نے ورکشاپ کی سیکیورٹی کے لئے نصب سی سی ٹی وی کیمرے فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ورکشاپ میں پرزہ جات اور دیگر آٹمز کا تمام ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ حق نواز چوہان نے کہا کہ مجوزہ نئی مشینری کی خریداری کے پیش نظر پیشگی پارکنگ پلان اور ڈسٹری بیوشن پلان تیار کیا جائے اور ورکشاپ اور پارکنگ یارڈ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ ملتان ویسٹ منیجمنٹ  کے چیئرمین اور سی ای او نے  ورکشاپ میں گاڑیوں کے اوور ہالنگ کے اقدام کی تعریف کی۔ورکشاپ منیجر حسن امجد اور منیجر آپریشنزانوارالحق نے اس موقع پر بریفنگ دی۔