Home National کسان پیکیج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی...

کسان پیکیج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی؛وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد،24نومبر  (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف  نے کہا ہے کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو ٹیوب ویل پر سبسڈی دے رہی ہے،  گوادر بندرگاہ کو فعال کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کسان پیکیج پر عملدرآمد  کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، طارق بشیر چیمہ، انجینئر خرم دستگیر خان، مریم اورنگزیب، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو ٹیوب ویل پر سبسڈی دے رہی ہے، حکومت اس مشکل وقت میں اپنے کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے ہر طرح کی مدد فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گندم اور یوریا کے 50 فیصد کارگو کیلئے گوادر پورٹ کو استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے گوادر بندرگاہ کا مکمل فعال ہونا کلیدی ہے،  گوادر بندرگاہ کو فعال کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

 اجلاس کو کسان پیکیج پر عملدرآمد پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کسانوں کو ٹیوب ویل پر دی جانے والی سبسڈی، سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے دی جانے والی سہولت و مدد پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Exit mobile version