بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نادرا کے درمیان  ڈائنامک رجسٹری  کے تحت نئے سروے کے لئےدوطرفہ معاہدہ پر دستخط

31

اسلام آباد،4نومبر  (اے پی پی): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور نادرا کے درمیان  ڈائنامک رجسٹری  کے تحت نئے سروے کے لئےدوطرفہ معاہدہ پر دستخط کر دئیے گئے ہیں،معاہدہ کے تحت نادرا ملک بھر میں 647 ڈائنامک رجسٹری دفاتر قائم کرئے گا جوخواتین پہلے سروے میں شامل نہیں ہو سکیں، بی آئی ایس پی ان کے لئےڈائنامک رجسٹری کے تحت نئے سروے کا انتظام کر رہا ہے  جبکہ  اس سروے میں درخواست دہندہ اپنے گھرانے کی معلومات میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو فوری طور پر رجسٹر کرا سکتے ہیں۔

 اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بی آئی ایس پی اور نادرا کی شراکت داری طویل المدتی اور انتہائی موثر ہے، معاہدہ کے تحت نادرا مستحق خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے نئی رجسٹریشن کے لیے ڈیٹا مہیا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس اور نادرا کا اشتراک مستحق خاندانوں کے مستند اور فریش ڈیٹا کےحصول کی طرف اہم پیشرفت ہے۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ مستحق خواتین کو مالی معاونت شہید محترمہ بینظیر  بھٹو کا وژن تھا،    کسی مستحق خاندان کومالی معاونت  سے محروم نہیں کیا جائے گا،جن مستحق خواتین کو سسٹم سے نکالا گیا تھا ان کو نئے سروے کی بنیاد پر دوبارہ شامل کیا جائے گا۔

 چیرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ ڈائنامک رجسٹری کا مقصد  نئے درخواست گزاروں اور پہلے سےاندراج شدہ ساڑھے تین کروڑ گھرانوں کا دوبارہ سروے کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائنامک رجسٹری کے ذریعے درخوست گزاروں کی ازدواجی حیثیت، معذوری، خاندانی کوائف اور بائیومیٹرک کو نادرا ڈیٹابیس کے مطابق اپ ڈیٹ کیاجائے گا،ڈائنامک رجسٹری کا نظام ڈیٹابیس کی مدد سے نامطلوب شمولیت یا اخراج کی غلطیوں کی نشاندہی بھی کرے گا۔