خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے سے ہی مسائل کا خاتمہ ہوگا؛ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب سمیرا صمد

7

بہاولنگر،14 نومبر(اے پی پی): سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب سمیرا صمد نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیرو ترقی میں خواتین کی فیصلہ ساز اداروں میں موثر و فعال شمولیت اور ہر سطح پر صنفی مساوات کے قیام اور خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے سے ہی مسائل کا خاتمہ ہوگا اور ہمارا ملک ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسڑکٹ پبلک سکول بہاولنگر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محکمہ کے صوبائی ،ڈویژنل و ضلعی افسران کے علاوہ مختلف شعبوں اور اداروں سے منسلک خواتین نے بھی شرکت کی۔

سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد نے کہا کہ خواتین کی سہولت کے لیے  ورکنگ کے مقامات پر  ڈے کئیر سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ بھرتی کے عمل میں خواتین کے لیے پندرہ فیصد کوٹہ کے نفاذ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمیٹیوں میں خواتین کی 33فیصد شرکت کے لیے بھرپور اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ معاشرے میں خواتین کو تحفظ ، عزت اور وقار کے ساتھ تمام مواقع یکساں طور پر مہیا کیے جاسکیں۔

سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کے حقوق اور انکو ترقی کے عمل میں برابری کی سطح پر لانے کے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ عملی اقدامات بھی بروئے کار لارہی ہے یہی وجہ ہے کہ اب خواتین تمام شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کررہی ہیں۔