لوک  ورثہ،  10روزہ فوک فیسٹیول “لوک میلہ”کل سے شروع ہو گا

4

اسلام آباد،24نومبر  (اے پی پی):لوک  ورثہ، وزارت قومی ورثہ و ثقافت  کے تحت 10 روزہ فوک فیسٹیول “لوک میلہ”  کل (جمعہ)  25 نومبر سے شروع ہو رہا ہے۔

  اس سلسلہ میں  لوک ورثہ کمپلیکس  شکرپڑیاں اسلام آباد میں پریس کانفرنس   کرتے  ہوئے    وفاقی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت     فارینہ مظہرنے لوک میلہ 2022 کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا ۔ لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر  شہزاد دْرانی اور لوک ورثہ کے دیگر سینئر افسران بھی  اس موقع پر موجود  تھے ۔

 سیکرٹری وزارت قومی ورثہ نے بتایا کہ  یہ  میلہ اپنی نوعیت  کا منفرد میلہ ہوگا جو 4 دسمبر تک لوک ورثہ کمپلکس گارڈن ایونیو شکرپڑیاں پر جاری رہے گا۔اس میلہ کے بنیادی مقاصد میں پاکستان کے ثقافتی ورثہ کا فروغ بنیادی حثیت رکھتا ہے۔یہ میلہ وفاق کی تمام اکائیوں کو ثقافتی انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رکھنا میں بھی مدد کرتا ہے اس طرح یہ میلہ وفاق اور صوبوں کے درمیان قومی یکجہتی اور یگانگت کو فروغ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میلہ ملک بھر کے ماہر دستکاروں اور ہنر مندوں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے اور قومی سطح پر اپنے فن کو منوانے کا موقع فراہم کرتا ہے، میلہ ماہر دستکاروں اور ہنر مندوں میں غربت کم کرنے کا بھی ایک ذریعہ ہے کیونکہ اس میلے کے دوران دستکار اپنی بنائی ہوئی مصنوعات بغیر کسی ایجنٹ کے براہ راست عوام کو فروخت کر سکتے ہیں اور اپنی  مناسب اجرت حاصل کر سکتے ہیں۔

وفاقی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت     فارینہ مظہر نے کہا کہ  میلہ  میں ملک بھر سے 500 سے زائد ماہر دستکاراور فنکار اس دس روزہ میلہ کا حصہ ہوں گے۔تمام صوبے ، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر اس میلے میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں، صوبائی پیویلنز کو لوک میلے میں مرکزی حثیت حاصل ہو گی، یہ پیویلنز ہر صوبے اور علاقے کے مخصوص ثقافتی اور روائتی لوک فنون، لوک گیتوں۔ لوک کھانوں اور لوک دستکاریوں کے عکاس ہونگے۔چاروں صوبوں کے علاوہ  گلگت بلتستان  اور آزادکشمیر میلے کے دوران ایک  خصوصی لوک موسیقی کی محفل کا اہتمام کریں گے۔

فارینہ مظہر نے کہا کہ  لوک ورثہ   میلے کے دوران ایک خصوصی “صوفی نائیٹ”    اور محفل موسیقی کا اہتمام کرے گا،میلے کا  غیر رسمی آغاز 25 نومبر بروز جمعہ سے ہو گا۔ تا ہم اس کا باقاعدہ افتتاح ہفتہ 26 نومبر 2022 دن 2:30 بجے ہو گا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام  افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔میلے کا انٹری  ٹکٹ100 روپے فی کس ہو گا جبکہ  طلباء و طالبات کا رعائتی ٹکٹ 50 روپے فی کس ہو گا،میلے کی آمدن کا ایک حصہ سیلاب ذدگان کی مدد کے لئے وزیراعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں دیا جائے گا،لوک میلہ کے اوقات روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک ہوں گے۔

فارینہ مظہر نے کہا کہ  اس میلے  کے مقاصد میں ماہر دستکاروں ، لوک فنکاروں اور ہنر مندوں کی حوصلہ افزائی اور اْنھیں اپنے اپنے فنون کو جاری رکھنے کی ترغیب بھی شامل ہے تاکہ ہمارا یہ قومی ثقافتی ورثہ نئی نسل تک منتقل ہو سکے۔ لوک میلےمیں ہر سال افتتاحی تقریب میں ایک ماہر دستکار  اور ایک نامور لوک فنکار  کی دستاربندی یا چادرپوشی انجام دی جاتی ہے۔اس سال  آزادجموں وکشمیر کی ایک ماہر دستکارہ کی چادر پوشی کی جائے گی جبکہ گلگت بلتستان کے ایک نامور لوک فنکار اور صوبہ  خیبرپختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقے فتح پور سوات کے ایک ماہر دستکار کی دستار بندی کی جائے گی۔لوک میلے کی دیگر اہم سرگرمیوں میں ماہر دستکاروں کی نمائش دستکاریوں کے سٹالز، ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوک رقاصوں کی پرفارمنسز، روائتی لوک کھانوں کے سٹالز، پی این سی اے پرفارمنگ تھٹیر اور پپٹ  شو پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میلہ کا اختتام  بروز اتوار 4 دسمبر2022 کو ہو گا۔ میلہ کی تقریب تقسیم انعامات 4 سمبر2022 بوقت 4 بجے منعقد ہو گی جس میں جیوری کی جانب سے نامزد ماہر دستکاروں ہنر مندوں اور لوک فنکاروں کو خصوصی انعامات دیئے جائیں گے۔