ملتان ؛  پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی  کا  عوام الناس کی شکایات کے ازالے  کیلئے  شکایات سیل اور ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ  

9

ملتان، 10 نومبر (اے پی پی ):  چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے  کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان نے عوام الناس کی شکایات کے ازالے کے لیئے شکایات سیل اور ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے جو گرین بیلٹس اور پارکوں میں مسائل کی نشاندہی پر فوری ایکشن لے کر مسئلے کو حل کر ے گی، ادارہ شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیئے کوشاں ہے بڑے سائز کے درختوں کی شجرکاری کا آغاز کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کچہری چوک پر شجرکاری کے موقع پر کیا۔ اعجاز حسین جنجوعہ نے مزید کہا کہ تمام طبقہ ہائے فکر کو مل کر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا،شجرکاری کا بھرپور انداز سے آغاز کر دیا ہے ، بڑے سائز کے سایہ دار درختوں سے ماحول بہتر ہوگا، سموگ اور آلودگی کے خاتمے کے لیئے شجرکاری نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا ۔

اس موقع پر صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن وسیم خان بابر نے کہا کہ ملتان شہر کو سر سبز بنانے کے لیئے پی ایچ اے اور اعجاز حسین جنجوعہ کا کردار قابل تحسین ہے،وکلاء برادری شجرکاری مہم میں پی ایچ اے کے شانہ بشانہ کھری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کو سر سبز و شاداے بنائیں گے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عامر،جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار ارشد صابر اور ایگزیکٹو مہر وقاص عامر گودائیا بھی موجود تھے۔