ورکرز کی حاضری اور مشینری کی فیولنگ چیک کرنے کے لئے 8 ویجیلنس کمیٹیوں کی تشکیل

3

ملتان، 24 نومبر (اے پی پی):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شفافیت کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے ورکرز کی حاضری اور مشینری کی فیولنگ چیک کرنے کے لئے 8 ویجیلنس کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جس میں تمام ڈیپارٹمنٹس کے ڈپٹی اور اسسٹنٹ منیجرز شامل ہونگے۔کمپنی کے اثاثہ جات کے ریکارڈ کے لئے بھی مربوط نظام قائم کردیا گیا ہے اور کنٹینرز اور ہینڈ کارٹ کی مرمت کے لئے ٹینڈرنگ پراسس شروع کردیا گیا ہے۔ویجیلنس کمیٹیوں کی منظوری چئیرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمیٹیوں آدم سعید راں اور سی ای او حق نواز چوہان کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔اجلاس میں کمپنی کے تمام شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

 چیئرمین آدم سعید راں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویجیلنس کمیٹیاں سی ای او کی ہدایت پر روزانہ ٹارگٹڈ یونین کونسلوں کو وزٹ کریں گی اور انہیں رپورٹ پیش کریں گی جس پر کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام مارکیٹوں اور شاہراہوں پر ویسٹ بِن لگانے کے لئے پلان تیار کیا جائے تاکہ کمرشل ایریا میں سارا دن صفائی کو برقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کنٹینر اور ہاتھ ریڑھیوں کی مرمت کے قانونی مراحل جلد مکمل کئے جائیں اور  کہا کہ  انہوں نے شہر کی خوبصورتی کا عزم لیکر چیئرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔

کمپنی کے سی ای او حق نواز چوہان نے اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شہر کی صفائی اور خوبصورتی کی ضامن ہے اور اسے ایک باوقار ادارہ بنایا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے تمام ایشوز کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا۔حق نواز چوہان نے کہا کہ کمپنی کے اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں پر عملدر آمد ہماری کامیابی ہو گی۔

کمپنی سیکرٹری کبیر خان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

چیف انٹرنل آڈیٹر طاہر آصف،منیجر فنانس ساجد ریاض، منیجر ہیومن ریسورس عقیل احمد، منیجر پروکیورمنٹ آصف شبیر،منیجرآپریشنز انوارالحق،منیجر ایم آئی ایس عمران خان اور منیجر ورکشاپ حسن امجد نے اجلاس میں شرکت کی۔