پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب

6

بہاولنگر، 24 نومبر( اے پی پی ): ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں کسی بھی پولیس افسر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے لمبا سفر طے نہیں کرنا پڑے گا اپیلوں پر سماعت اور تمام مسائل بذریعہ ویڈیو لنک حل کیے جائیں گے تمام افسران و جوان آفیشل نمبر پر کال کر کے بھی مسائل سے آگاہ کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولنگر کے پولیس افسران و جوانوں سے ویڈیو لنک دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ویڈیو لنک دربار میں ایس پی انوسٹی گیشن فاروق احمد انور سمیت تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر سٹاف اپنے متعلقہ دفاتر اور تھانے سے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔  ایڈیشنل آئی جی نے پولیس جوانوں سے مسائل دریافت کر کے پرائیویٹ سیکرٹری کو فوری حل کرنے کا حکم دیا ۔

ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ پولیس میں بھرتی کا عمل شفاف ترین ہے اور پولیس افسران کی تعیناتیاں بھی میرٹ پر کی جا رہی ہیں،پولیس کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے وسیع اختیارات کو استعمال کریں اور چوری ڈکیتی کے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں  اور کہا کہ ریاست کی رٹ قائم کرنے میں ایس ایچ اوز کا اہم کردار ہوتا ہے،  ایس ایچ اوز سیاسی و ذاتی وابستگیاں پس پشت ڈال کر میرٹ پر کام کریں اور نیک نیتی سے کام کرنے کے اجر کی امید اللہ پاک سے رکھیں اور  انہوں نے افسران کو سرکاری آراضی واگزار کرانے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے مل کر ریلوے و دیگر سرکاری زمینوں کو مافیاز سے واگزار کروایا جائے ۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ وہ خود بھی جلد بہاولنگر کا دورہ کر کے پولیس افسران و جوانوں کے مسائل اور کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔