ڈپٹی کمشنر کا شیخ زید ہسپتال کا سرپرائز وزٹ،صحت عامہ کی فراہمی کے لیے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں،محمد سلمان خان

16

رحیم یار خان ،10 نومبر (اے پی پی):  ڈپٹی کمشنر محمد سلمان خان نے کہا کہ  صحت عامہ کی فراہمی کے لیے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ مریضوں کو ادویات کی فراہمی اور صحت عامہ کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  شیخ زید ہسپتال کےسرپرائز وزٹ  کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شیخ زید ہسپتال ایمرجنسی ، شعبہ بیرونی مریضاں سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت ،ایم ایس ڈاکٹر آغا توحید ، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر عمران بشیر ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر الیاس ہمراہ موجود تھے۔ایم ایس ڈاکٹر آغا توحید نے ڈپٹی کمشنر کو اسپتال کو درپیش مسائل اور مشکلات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے سہولیات بارے استفسار کیا اور کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جائے ،حکومت پنجاب کے احساس پروگرام کے تحت مریضوں کو علاج معالجے بارے مکمل معلومات فراہم کی جائیں  اور کہا کہ  ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی کے لیے ذاتی طور پر کردار ادا کروں گا ۔

ایم ایس شیخ زید ہسپتال نے کہا کہ  شیخ زید ہسپتال سندھ و بلوچستان اور ڈی جی خان ڈویژن سے آنے والے مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔  ڈاکٹر آغا توحید  نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال کی توسیع کے لیے نئی بلڈنگ کی تعمیر جاری ہے ۔