نوشہرہ ورکاں ؛ دھان کی فصل کی کٹائی آخری مراحل میں، فی ایکڑ 60 من سے زائد متوقع

15

نوشہرہ ورکاں ، 24 نومبر (اے پی پی ):صوبہ پنجاب گوجرانوالہ ضلع میں اور خصوصاً تحصیل  کامونکی اور نوشہرہ ورکاں میں پیدا ہونے والے خوش ذائقہ چاولوں کی دھوم پوری دنیا میں ہے  ، بیشتر چاول کی نسلیں ہمسائیہ ممالک کے ایکسپورٹر  بھی اپنے برانڈ کی اشکال میں باہر کی دنیا میں بھیج کرتجارت کو فروغ دے رہے ہیں۔

گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں دھان کی فصل کی کٹائی آخری مراحل میں ہے اور تحصیل بھر میں 150 ایکڑ زرعی رقبے پر دھان کی فصل کاشت کی جاتی ہے اور حالیہ سیزن میں جہاں ہزاروں کی تعداد میں مزدور طبقہ کی روزی روٹی کشادہ دکھائی دی وہاں فی ایکڑ 60 من سے زائد دھان کی پیداوار سے بعض زمیندار اور کاشتکار بھی اپنی آمدن پر مطمئن ہیں۔

چاولوں کی تیاری کا مرحلہ جاری ہے، تحصیل نوشہرہ ورکاں میں لاکھوں من دھان سے چاولوں کی تیاری کے لیے درجنوں رائس ملیں دن رات کام کر رہی ہیں اور ہزاروں مزدور مختلف شعبوں میں روزی کے حصول کے لیے مصروف عمل ہیں جبکہ  حالیہ دنوں میں سپر باسمتی چاول کی اوپن مارکیٹ نو ہزار روپے فی چالیس کلو گرام اور اری 86 چاول کی اوپن مارکیٹ 48سو  کے قریب ہے اور ملک میں سیلابی عمل کی وجہ سے دھان کی پیداوار چالیس فی صد کم ہونے کی وجہ سے چاول کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ مل  رہا ہے ۔

 چاول کے بڑھتے ہوئے دام بھی لمحہ فکریہ ہیں اور غریب کی  دو وقت کی خوراک کا  قوت خرید سے باہر ہونا پریشانی کا موجب بن رہا  ہے ۔