اوکاڑہ؛ کھیل کے دوران انجری کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کے موضوع پر فرسٹ ایڈ ورکشاپ کا انعقاد

3

اوکاڑہ،05دسمبر(اے پی پی) :سنٹر آف ایکسی لینس اور ریسکیو 1122 کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ جمنیزیم میں کراٹے چیمپئن شپ  کے دوران کھیل کے دوران انجری اور کسی چوٹ کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کے موضوع پر پہلی فرسٹ ایڈ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔

ورکشاپ کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال اور سرپرست سنٹر آف ایکسی لینس ڈاکٹر محمد عارف صدیقی تھے ۔اس موقع پر سنٹر آف ایکسی لینس کے کھلاڑیوں نے مختلف داؤ پیچ کا مظاہرہ کیا۔ ریسیکو 1122کی ماہر تربیت یافتہ ٹیم نے کھلاڑیوں کو طبی امداد ،زخمی کھلاڑی کو ہسپتال شفٹ کرنے کا طریقہ کار ،کھلاڑی کو صدمہ سے بچانے اور جان بچانے والے ابتدائی طبی امداد کے طریقوں سے متعلق عملی مظاہرہ کر کے بتایا ۔

 ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال اور سرپرست سنٹر آف ایکسی لینس ڈاکٹر محمد عارف صدیقی نے طالب علم کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں مہارت حاصل کرنا جتنا ضروری ہے اس سے زیادہ ضروری انسانی زندگی کو بچانا اور کھیل کے دوران زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنا ہے، ہر کھلاڑی کیلئے ابتدائی طبی امداد اور جان بچانے کے ماہرانہ طریقوں سے مکمل آگاہی وقت کا تقاضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں کھلاڑیوں ،آفیشلز اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی جان بچانے کے طریقوں سے آگاہی کے لئے سیمینار اور فرسٹ ایڈ پروگرام پر مبنی ورکشاپس کروائی جائیں گی جس کا مقصد کھلاڑیوں کو محفوظ کھیل کا میدان فراہم کرنا اور ایمرجنسی کی صورت میں ان کی مدد کرنا ہے۔

 ڈاکٹر محمد عارف صدیقی نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں فرسٹ ایڈ کے طریقہ کار سے متعارف کروانے کے لئے آگاہی و تربیتی سیشن کروائے جائیں گے جس کے بعد ریسکیو 1122کے ہیڈ کوآرٹر پر بھی سنٹر آف ایکسی لینس کے کھلاڑیوں کو جان بچانے اور فرسٹ ایڈ کے طریقہ کار کی ٹریننگ کے لئے مدعو کیا جائے گا اور انہیں فرسٹ ایڈ کورس مکمل کرنے پر 1122کی جانب سے سرٹیفکیٹس بھی دئیے جائیں گے۔

 اس موقع پر نعیم اختر بلیک بیلٹ 2ڈان ،محمد وسیم طارق بلیک بیلٹ 1ڈان ،شیر جنگ خان بلیک بیلٹ ،محمد اکرم بلیک بیلٹ ،امجد بھٹی بلیک بیلٹ 2ڈان،محمد ندیم ثاقب بلیک بیلٹ 2ڈان سمیت سنٹر آف ایکسی لینس کے کھلاڑیوں نے بھر پور شرکت کی۔