اوکاڑہ: اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر نوکےمنصوبے پر کام کا آغاز 7دسمبر سے ہو رہا ہے،ڈپٹی کمشنر

16

اوکاڑہ،05دسمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز سے اوکاڑہ شہر کی اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر نو کے اہم منصوبے پر کام کا آغاز 7دسمبر سے ہو رہا ہے ابتدائی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تجاوزات کو ہٹایا جا رہا ہے اس منصوبہ پر لاگت کا کل تخمینہ 81کروڑ60لاکھ روپے لگایا گیاہے ۔ یہ سڑک اوکاڑہ شہر کو دو حصوں میں تقسیم کرتی ہے جس کی خراب حالت کے پیش نظر شہری شدید مشکلات کا شکار تھے ۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی خصوصی ہدایت پر موجودہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس اہم سڑک کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا گیا اور فنڈزکا اجراء بھی ممکن بنایا گیاہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ساہیوال ڈویژن سیف اللہ ساجد کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر کیا ۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ساہیوال ڈویژن سیف اللہ ساجد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اوکاڑہ مرغوب حسین ڈوگر نے منصوبہ کے تخمینہ،تعمیر کی مدت،بجٹ،سائیڈ پر تعمیر کئے جانے والے نالوں اور گرین بیلٹس کی تعمیر سے متعلق بھی بتایا۔ انہوں نے کہاکہ اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر نو دورویہ ہوگی اور دونوں اطراف کی سڑکیں کارپٹ کی جائیں گی ۔ ساہیوال سائیڈ جی ٹی روڈ بائی پاس سے لاہور سائیڈ جی ٹی روڈ تک دو طرفہ سڑک کی تعمیر ہو گی جس سے اوکاڑہ شہر میں داخل ہونے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی آسانی ہو گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت نے منصوبے کے لئے پہلے مرحلے میں 18کروڑ40لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں ۔