جیت کے قریب پہنچ کر فتح حاصل نہ کرنے کا افسوس ہے؛ بابر اعظم

15

ملتان،12دسمبر  (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی طرح ملتان میں بھی جیت کے قریب پہنچ کر فتح حاصل نہ کرنے کا افسوس ہے،ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہے جبکہ فاسٹ باؤلرزکی انجری کی وجہ سےاس شعبے میں کامیابی نہیں مل رہی ہے۔

ملتان ٹیسٹ کے بعد پریس کانفرنس میں بابر اعظم نےکہا کہ سعود شکیل کے آوٹ کا فیصلہ ہماری ٹیم کے خلاف گیاجس کا نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم نے موقع سے فائدہ اٹھایا جبکہ ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے،اچھی پارٹنرشپ لگیں لیکن اختتام اچھا نہ کرسکے۔

بابر اعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے تاہم ہر کھلاڑی کو ذمہ داری لینا ہوگی،سعود شکیل اورآغا سلمان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاجس کی وجہ سے ان کو موقع فراہم کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ آ ئندہ چند ٹیسٹ سیریز میں نئے کرکٹرز کو مزید تجربہ حاصل ہوگاجو ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں مثبت ذہن کیساتھ جائیں گے،ابرار احمد اورسعود شکیل نے دباؤ میں بہتر کرکٹ کھیلی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ اور سیریز میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ بہترین  کمبینیشن  کیساتھ مثبت کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے جیت نہیں رہے۔