سکھر : یوم سندھ ثقافت جوش و خروش کیساتھ منایا گیا

13

سکھر۔04دسمبر ( اے پی پی ): ملک کے دیگرشہروں خصوصاً سندھ بھر کی طرح سکھر ضلع میں بھی سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر یوم ثقافت سندھ نہایت جوش و خروش کیساتھ منایا گیا۔اس حوالے سے سکھر اور اسکے گرد نواح کی مختلف سیا سی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئی جو شہر کے مختلف علاقوں کا گشت کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے مرکزی تقریب میں شامل ہوئیں،ریلیوں کے شرکاءنے کندھوں پر سندھی اجرک اور سر پر سندھی ٹوپیاں پہن رکھی تھیں۔ شرکاءریلی سندھی گیتوں اور ڈھول کی تھاپ پر والہانہ رقص کرتے ہوئے سندھ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہے۔

 ریلیوں میں شریک چھوٹے بچوں اور بچیوں نے بھی سندھی لباس پہنے ٹوپی اجرک اوڑھے شرکت کی اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔مختلف قومپرست تنظیموں سمیت سماجی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے رات دیر گئے تک ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری رہا،سکھر پریس کلب کے سامنے منعقد مرکزی تقریب میں سندھ کے نامور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھی گیت پیش کئے جس پر فضاءجئے سندھ جئے سندھ وارا جئیں کے نعروں سے گونج اٹھی۔