پاکستان کا جنوبی کوریا کے ساتھ افرادی قوت کی برآمد کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

3

اسلام آباد،05 دسمبر ( اےپی پی): پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان آج پیر کو مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری اور پاکستان میں کوریا کے سفیر سہ سنگپی نے ایک پروقار تقریب میں دستخط کئے جس کا مقصد ایمپلائمنٹ پرمٹ سکیم (EPS) کے تحت کوریا کو پاکستانی افرادی قوت کی برآمد کو مزید بڑھانا ہے۔ وزارت روزگار و محنت کوریا اور وزارت  سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کے درمیان ایمپلائمنٹ پرمٹ سسٹم کے نفاذ کے لیے یادداشت کو تجدید کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ آج کا یادداشت ایک تاریخی ہے جس سے جنوبی کوریا اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ساجد حسین طوری نے کہا کہ مختلف ممالک کو پاکستانی افرادی قوت کی برآمدات کو مزید بڑھانے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں کیونکہ سمندر پار پاکستانیز ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اب تک 10 ہزار پاکستانیوں کو روزگار کے لئے کوریا بھیج چکے ہیں اور پوری کوشش ہے کہ اس تعداد کو کئی گنا بڑھا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت جنوبی کوریا میں پاکستانی ورکرز کو صرف مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بھیجا جا رہا ہے اور دیگر شعبوں میں بھی پاکستان کے پاس کافی افرادی قوت موجود ہے جو وہ بھیجنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دیگر شعبوں زراعت، خدمات، ماہی گیری اور خاص طور پر آئی ٹی میں پاکستانی افرادی قوت کی برآمد پر متفق ہیں۔

‏‎ وفاقی وزیر ساجد طوری نے مزید کہا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) واحد سرکاری ادارہ ہے جو پاکستان میں کوریا کے اس روزگار کے نظام کو نافذ کرنے کا مجاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت او ای سی کورین لینگویج ٹریننگ پاکستان میں کورین لینگویج کا سب سے شاندار ٹریننگ سنٹر بن گیا ہے۔