چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا  گیا

10

اسلام آباد،8دسمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازا ہے ۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

  اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ،سینئرفوجی  و سول افسران  اور سفارت کار بھی موجود تھے۔ صدر مملکت عارف علوی نے  چیف آف آرمی سٹاف کو ملک کے لئے ان کی شاندار خدمات پر نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا ۔

 جنرل سید عاصم منیر احمد شاہ نے اپریل 1986 میں 23 فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور انہوں نے 17 ویں او ٹی ایس کورس کے اعزازی تلوار حاصل کی۔  وہ فوجی اسکول جاپان، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، ملائیشین آرمڈ فورسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوالالمپور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں۔  انہوں نے پبلک پالیسی اور اسٹریٹجک سکیورٹی مینجمنٹ میں ایم فل کی ڈگری بھی حاصل کی۔ اپنے شاندار فوجی کیریئر کے دوران جنرل عاصم منیر نے مختلف کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائنمنٹس پر خدمات انجام دیں۔  ان کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں انفنٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر، چیف آف جنرل اسٹاف سیکرٹریٹ میں جنرل اسٹاف آفیسر گریڈ-2، ڈائرکٹنگ اسٹاف کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور چیف آف اسٹاف آف اسٹرائیک کور شامل ہیں۔ جنرل عاصم منیر نے 23 فرنٹیئر فورس رجمنٹ انفنٹری بریگیڈ، فورس کمانڈ ناردرن ایریاز اور 30 ​​کور کی کمانڈ کی ہے۔  وہ سعودی عرب میں پاکستان کے تربیتی دستے کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔ انہیں ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس کی حیثیت سے پاکستان کی دونوں اہم انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سربراہی کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔  چیف آف آرمی سٹاف کے طور پر ترقی اور تقرری سے پہلے وہ پاکستان آرمی کے کوارٹر ماسٹر جنرل تھے۔ جنرل عاصم منیر کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر 29 نومبر 2022 کو چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا گیا۔