امن،عدل اور انصاف معاشرے کی اجتماعی ضرورت ہے اور اس کے قیام کی ذمہ داری بھی معاشرے پر مشترک ہے ،سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری

6

کوئٹہ،02 دسمبر(اے پی پی): سابق چیف جسٹس آف پاکستان  افتخارمحمد چوہدری  نے کہا کہ امن،عدل اور انصاف معاشرے کی اجتماعی ضرورت ہے اور اس کے قیام کی ذمہ داری بھی معاشرے پر مشترک ہے لہذا معاشرے کاہر فرد اور ہر طبقہ اس کا کسی نہ کسی درجے میں ذمہ دار ہے لیکن پولیس کا اس میں کردار اہمیّت کا حامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق چیف جسٹس آف پاکستان  افتخارمحمد چوہدری نے سی پی او میں فوجداری نظام میں پولیس کے کردار کے عنوان پر لیکچر دینے کے موقع پر کیا۔  انہوں نے کہاکہ کوئی ایک طبقہ اگر چاہے بھی تو معاشرے کو اکیلا امن اور انصاف فراہم نہیں کر سکتا، اس کے لیے معاشرے کی تمام اکائیوں اور تمام طبقات اپنی اپنی ذمہ داری پوری کریں گے تو معاشرے میں امن ،عدل و انصاف قائم ہوگا،البتہ اس  میں پولیس کا ایک  اہم کردار ہوتا ہے۔

افتخارمحمد چوہدری نے کہاکہ چونکہ ہمیں اس سلسلے میں پولیس فرنٹ پر دکھائی دیتی ہے اس لیے بسا اوقات ذہن میں یہ تاثر قائم ہوتاہے کہ یہ سارا کام پولیس کا ہی ہے، اور اگر ساری ذمہ داری اس کی ہے تو پھر ساری ناکامیاں بھی اسی کے کھاتے میں ڈال دی جاتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس چونکہ حکومت کا ایک حصہ ہے، اس کے پاس طاقت ہے، اختیارات ہیں اس لیے اس کی ذمہ داری دوسروں سے زیادہ ہے۔

افتخارمحمد چوہدری نے کہاکہ ہر شخص اپنے دائرے میں خود کو بدلنے کی کوشش کرے اور اپنی اصلاح کرے اور جب ہر شخص خود کو بدلنے کی کوشش کرے گا اور اپنے فرائض کو صحیح طریقے سے سرانجام دینے کی فکر کرے گا تو نظام کی اصلاح خودبخود ہو جائے گی۔

اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ اور دیگر سینئر آفیسران بھی موجود تھے۔