اوکاڑہ: مسیحی ملازمین کی تنخواہیں 25 دسمبرسے قبل مل جائیں گی، عرفان علی کاٹھیا

15

اوکاڑہ،20دسمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں مسیحی ملازمین کی تنخواہیں 25 دسمبرسے قبل مل جائیں گی تاکہ مسیحی ملازمین کرسمس کی خوشیاں منا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو سٹی  ہسپتال کے مسیحی ملازمین کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے منعقدہ تقریب  میں تحائف کی تقسیم اور کرسمس کیک کاٹنے کے موقع پر کیا۔ڈپٹی کمشنر عرفان کاٹھیا نے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس کی تقریبات کویادگار بنانے کے لئے ایس او پیز کے مطابق مسیحی عبادت گاہوں چرچز میں سیکیورٹی ،صفائی ستھرائی اور روشنیوں کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اسکے علاوہ کرسمس بازاروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں سے اشیاء ضروریہ بازار سے رعائتی داموں پر دستیاب ہوں گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ 150مسیحی خاندانوں کو دس ہزار روپیہ فی خاندان بھی دئیے جائینگے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چوہدری طاہر امین، ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سجاد گیلانی، ایڈمن آفیسر عبدالشکور،صدر اوکاڑہ پریس کلب شہباز شاہین، معروف صحافی کالمسٹ و سماجی تنظیم ماڈا کے صدر چوہدری مظہر رشید نے مسیحی ملازمین کو تحائف تقسیم کئے جبکہ تقریب میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کےڈاکٹرز، نرسز ،پیرا میڈیکل سٹاف بھی کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں موجود تھے۔