او آئی سی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو کشمیر کی بات کرتا ہے تو اس کی ایک وقعت ہے،رضوان سعید شیخ

13

 

جدہ، 01 دسمبر(اے پی پی):او آئی سی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو کشمیر کی بات کرتا ہے تو اس کی ایک وقعت ہے۔ان خیالات کا اظہار او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ نے اپنے اعزاز میں کشمیر کمیٹی جدہ اور جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کی طرف سے الوادعی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کا پہلا مندوب ہونے کی حیثیت سے یہ پہلی ترجیح رہی کہ کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا جائے۔ہمارا لائحہ عمل یہ ہے کہ کشمیر پر جو ایک قانونی جنگ ہے اسے ایک مربوط اور منظم طریقے سے لڑی جائے اور یک آواز ہوکر دنیا کے ہر کونے اور ملک سے اس پر بات ہو،او آئی سی ایک ایسا فورم ہے جو کہ اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے کوشش کر رہا ہے اور کہا  او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اگلے مہینے پاکستان کا دورہ کررہے ہیں وہ کشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔ گزشتہ او آئی سی کی اسلام آباد کی کانفرنس کی روشنی میں او آئی سی بہتر کاوشیں کر رہی ہے۔

انہون نے کہا کہ میں نے جدہ میں تعیناتی کی پہلی مصروفیت کا آغاز کشمیر پر ہونے والے ایک پروگرام سے کی تھی اور یہ کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ اپنی توانائی اور تجربہ بروئے کار لاکر کشمیر پر آگاہی اور مسئلے کے حل پر بات کروں۔ میں کشمیر کمیٹی اور  جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کی عزت افزائی اور حوصلہ افزائی پر مشکور ہوں۔

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مسعود پوری اور جموں کشمیر کمیونٹی کے چیئرمین چوہدری خورشید متیال نے رضوان سعید شیخ کی خدمات کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آخر میں مہمان خصوصی رضوان سعید شیخ کو کشمیر کمیٹی جدہ اور جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کی طرف اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔