ایبٹ آباد،13دسمبر(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ اور نیب خیبر پختونخواہ کے تعاون سے شہریوں کی آگاہی کے لیے اینٹی کرپشن کے عنوان پر آگاہی سیمینار جلال بابا آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس میں تمام ضعلی افسران ، شہریوں اور سکول کے طلبہ و طالبات و اساتذہ نے شرکت کی۔
مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فائنانس اینڈ پلاننگ عباس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپشن معاشرے کے لیے ناسور ہے،کرپشن کے خاتمے سے ہی معاشرے کی بہتری یقینی بنائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرپشن کے خاتمے اور نئی نسل کی تربیت کو یقینی بناتے ہوئے معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔
پروگرام میں تحصیل چیئرمین ایبٹ آباد شجاع نبی، چیئرمین ضلعی مصالحتی کمیٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب خیبر پختونخواہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، ڈسٹرکٹ خطیب اور دیگر مقررین نے شرکاء سے خطاب کیا اوراینٹی کرپشن کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے شہریوں اور طلبہ و طالبات کو آگاہی فراہم کی۔
تمام مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جس سےترقی کا عمل رک جاتا ہے اور معاشرہ بدحالی کا شکار ہو جاتا ہے، کرپشن کے خاتمے کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو اور عام آدمی کی مشکلات میں کمی اور اس کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔