سکھر،21دسمبر(اے پی پی ):محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام سماجی تنظیم برکھا اور ڈبلیو ڈی او کے تعاون سے خصوصی افراد میں ویل چیئر تقسیم کی گئیں اس سلسلے میں پریس کلب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی افراد ، سماجی کارکنان اور صحافیوں نے شرکت کی۔اس تقریب میں 50 خصوصی بچوں، خواتین اور مردوں میں ویل چیئر تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سماجی تنظیم کے رہنما ریاض سولنگی نے کہا کہ خصوصی افراد میں ویل چیئر تقسیم کرنے اور ان کی مدد کرنے سے دلی سکون ملتا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ مصطفی ٰ علی نے کہا کہ ہر سال اس طرح کی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ خصوصی بچی آمنہ نے کہا کہ ویل چیئر ملنے پر بہت خوش ہوں، اللہ تعالیٰ تنظیم والوں کو مزید ترقی دے۔