صارفین کو معیاری پھل وسبزیوں کی ارزاں نرخوں پر فراہمی ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر  چنیوٹ

5

چنیوٹ۔  06 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر  چنیوٹ محمد فاروق رشید نے کہا ہے کہ صارفین کو معیاری پھل وسبزیوں کی ارزاں نرخوں پر فراہمی ترجیح ہے جس کے لئے سبزی منڈی میں پھلوں وسبزیوں کی بولیوں کی صبح سویرے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے سبزی منڈی چنیوٹ کا دورہ کرکے پھلوں وسبزیوں کی بولیوں کے عمل اور تھوک قیمتوں کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عتیق الرحمن و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر مختلف شیڈز اور سٹالز پر گئے اورپیاز و دیگر اشیاء کی کوالٹی و نیلامیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں اور ان کی مقدار کو چیک کیا۔انہوں نے بولیوں کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے آڑھتیوں کو واضح کیا کہ کسی پھل یا سبزی کی بے جا اور بلاجواز قیمت بڑھانے کی کوشش نہ کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو بے جامہنگائی کے رجحان سے بچانے کے لئے سبزی منڈیوں میں بولیوں کی نگرانی کی جارہی ہے اور کسی آڑھتی کو بلا جواز تھوک قیمت بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا اور دکانداری کے لئے خریداری کرنے والوں سے بولیوں کی شرائط اور معیار کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ پھل و سبزی منڈیوں میں بولیوں کے عمل کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے آڑھتیوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے سبزی منڈیوں میں صفائی کا اعلی معیار ہمہ وقت برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا۔