عوام کو سستی توانائی کی فراہمی کیلئے درگئی پاور پلانٹ کی بحالی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں،وزیر مملکت  آبی وسائل   محمد علی شاہ 

17

اسلام آباد،20دسمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے آبی وسائل سید محمد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو سستی توانائی کی فراہمی کیلئے درگئی پاور پلانٹ کی بحالی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں، تعمیراتی مرحلہ کے دوران بالائی سوات نہری نظام  سے پانی حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو آبپاشی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  منگل کو ضلع مالاکنڈ میں درگئی پن بجلی گھر کی بحالی سے متعلق  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں وزارت آبی وسائل، واپڈا ، محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا، کمشنر مالا کنڈ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔  وزیر مملکت کو درگئی ہائیڈرو پاور پلانٹ کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور جاری ترقی کے بارے میں بتایا گیا ۔ درگئی پاور پلانٹ 20 میگاواٹ کا منصوبہ ہے جو  سوات کینال پر لگایا گیا ہے، بحالی کے منصوبہ سے درگئی پاور پلانٹ کی استعداد 22 میگاواٹ تک بڑھ جائے گی۔

  وزیر مملکت سید محمد علی شاہ نے درگئی کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پاور پلانٹ کی بحالی کے عمل میں مکمل تعاون کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آبی وسائل ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی ، متوازن ماحول اور انسانی بقاء کیلئے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، وفاقی حکومت قومی گرڈ میں پن بجلی کی پیداوار بڑھانے اور آبی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔