ورچوئل یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن کا انعقاد،819 طلباو طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں

5

فیصل آباد،12دسمبر  (اے پی پی):ورچوئل یونیورسٹی کا 12واں کانووکیشن پیر کو فیصل آباد میں منعقد کیا گیا جس میں 819فارغ التحصیل طلباو طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق مہمان خصوصی تھیں جبکہ ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی سمیت دیگر حکام،فیکلٹی ممبران، طلبا و طالبات اور مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔کانووکیشن کے دوسرے حصہ میں جن فارغ التحصیل گریجوایٹس میں  ڈگریاں تقسیم کی گئیں ان میں 280بیچلرز،476ماسٹرز اور 63ایم ایس و ایم فل طلبا و طالبات شامل تھے۔کانووکیشن کی پروقار تقریب میں پوزیشن ہولڈرز میں ایک گولڈ میڈل اور 7 میرٹ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

قبل ازیں ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھی نے یونیورسٹی کی تعلیمی،تدریسی، تحقیقی سرگرمیوں اور اس کے طلبا و طالبات کی شاندار کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایاکہ یونیورسٹی ملک کے طول و عرض میں ٹیکنالوجی پر مبنی بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور اس کے فارغ التحصیل گریجوایٹس اندرون وبیرون ممالک اہم شعبہ جات میں بہترین پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم نے اپنی تعلیم کا سلسلہ مکمل اور ڈگریاں حاصل کر کے عملی میدان میں قدم رکھنے والے کامیاب گریجوایٹس طلبا و طالبات کیلئے بہترین مستقبل کی غرض سے نیک خواہشات کا اظہار کرنے سمیت انہیں ہمیشہ اساتذہ اور والدین کے احترام کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار رہتے ہوئے خلوص نیت سے اپنے فرائض کی سر انجام دہی کا سلسلہ جاری رکھنے کی تلقین کی۔انہوں نے ڈگریاں حاصل کرنے والے گریجوایٹس او ران کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہترین دلی جذبات کا بھی اظہار کیا۔

بعد ازاں مہمان خصوصی وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی محنت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے کیونکہ جو قومیں مسلسل جدو جہد اور محنت و لگن سے کام جاری و ساری رکھتی ہیں قدرت بھی انہیں خصوصی انعامات سے نوازتی رہتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کی معیاری تعلیم فراہم کرنے کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ بعد ازاں مہمان خصوصی اور ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی نے تمام گریجوایٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں۔