ڈیرہ اسماعیل خان،26دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت جنوبی خیرپختونخوا کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس سلسلے میں پیر کو وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان کا ایک روزہ دورہ کیا۔ دورہ کے دوران وزیراعظم نے چشمہ رائٹ بینک کینال کی بحالی ،چشمہ رائٹ بینک کینال لفٹ کم گریوٹی اور چشمہ ہائیڈل پاور پراجیکٹ، ٹانک زام ڈیم، سی پیک کے مغربی روٹ/موٹروے یارک-سگو سیکشن اور گومل یونیورسٹی پہاڑ پور کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔
وزیراعظم نے عبدالخیل 132 کے وی اور بند کورائی 132کے وی گرڈ سٹیشنز، پیزو سے ٹانک روڈ اور ڈیرہ اسماعیل خان بائی پاس کی بحالی، حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کے کام کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات مولانا عبدالواسع، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور، وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سمیت اعلیٰ سرکاری افسران اور عمائدین علاقہ نے بھی شرکت کی۔