نیویارک،13دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکا کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے ہیں ۔ وزیر خارجہ دورہ کے دوران متعدد کثیرالجہتی اور دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 15 اور 16 دسمبر کو نیویارک میں گروپ۔77 وزراء خارجہ پلس چین کی وزارتی کانفرنس کی میزبانی اور صدارت کریں گے جو اقوام متحدہ میں ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مذاکراتی بلاک ہے۔ کانفرنس کے ایجنڈے میں ترقی پذیر ممالک کو کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی آفات اور جغرافیائی سیاسی پیش رفت کے تناظر میں پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز ) کے حصول میں درپیش متعدد چیلنجوں پر بحث شامل ہے۔
وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کریں گے اور 14 دسمبر کو منعقد ہونے والے “بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی: اصلاح شدہ کثیرالجہتی کے لئے نئی سمت” کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک اعلیٰ سطحی بحث میں حصہ لیں گے۔
وزیر خارجہ 19 دسمبر کو واشنگٹن جائیں گے جہاں وہ اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام، کانگریس کے رہنماؤں، پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور کمیونٹی کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔ان کی سرکاری ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ پاکستان امریکا دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی لچک اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں رفتار کو آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیر خارجہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کریں گے، اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب سے ہونے والے بھاری نقصان اور حکومت پاکستان کے سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبے کے بارے میں کوششوں سے مذاکرات کاروں کو آگاہ کریں گے۔