کراچی،09دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹرل زون کراچی دفتر کا دورہ کیا۔دورے کے دوران سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام یوسف خان اور ڈی جی او ایم حماد مری بھی انکے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے بی آئی ایس پی کے سینٹرل زون دفتر کے مختلف سیکشنز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی سینٹرل زون سندھ سید امتیاز علی شاہ نے انہیں محکمہ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی ۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے افسران کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نظام میں آسانی اور مزید بہتری کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے مسائل اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔