2

اسلام آباد،06دسمبر(اے پی پی): پی اے ایف وائٹ نے 31 ویں چیف آف دی ایئر اسٹاف چیلنج کپ پولو ٹورنامنٹ ٹرافی جیت لی۔ فائنل میں پی اے ایف وائٹ نے پی اے ایف بلیو کو 5 کے مقابلے میں 5.5 گولز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔31 ویں چیف آف دی ایئر اسٹاف چیلنج کپ پولو ٹورنامنٹ کا دلچسپ فائنل سرسبز و شاداب اسلام آباد پولو کلب میں کھیلا گیا۔

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے اور فاتح ٹیم کو چیف آف دی ایئر اسٹاف چیلنج کپ پولو ٹورنامنٹ کی ٹرافی دی اورایونٹ کے کامیاب انعقاد پر کلب انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ایئر چیف نے نوجوانوں کی سائیکو موٹر صلاحیتوں اور جسمانی صحت کی بہتری کے لیے کھیلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

پاک فضائیہ سپورٹس کنٹرول کمیٹی نے اسلام آباد پولو کلب انتظامیہ کے تعاون سے 31ویں چیف آف دی ایئر اسٹاف چیلنج کپ پولو ٹورنامنٹ 2022 کا انعقاد کیا جس کا آغاز 28 نومبر 2022 کو ہوا۔ دارالحکومت کے مرکز میں واقع اسلام آباد پولو کلب کے دلکش میدان میں جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے پولو شائقین نے شرکت کی۔ میگا ایونٹ میں 06 پولو ٹیموں پی اے ایف بلیو، پی اے ایف وائٹ، آسیان، اے ایس سی رضوی، اے ایس سی احمد خان اور اے ایس سی والٹرز نے حصہ لیا۔ سفارت کاروں، اعلیٰ سول اور فوجی حکام سمیت پولو شائقین کی بڑی تعداد نے فائنل میچ دیکھا۔ پاک فضائیہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کے ذریعے قوم کی تعمیر و ترقی کے فروغ میں باقاعدگی سے اپنا حصہ ڈالتی رہی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بےحد پذیرائی حاصل ہوئی جو ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔