آرمی نے انٹر ڈیپارٹمنٹل باسکٹ بال چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

57

اسلام آباد۔31جنوری  (اے پی پی):پاکستان آرمی نے فیصلہ کن معرکہ میں ایئر فورس کو 52 کے مقابلے میں 76 پوائنٹس سے شکست دے کر انٹر ڈیپارٹمنٹل باسکٹ بال چیمپین شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جانے والی پانچ روزہ چیمپین شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی  وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری تھے جبکہ اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ ابرار احمد، سیکرٹری آرمی سپورٹس بورڈ کرنل صدف اکرم،  سیکرٹری جنرل  پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن خالد بشیر، سیکرٹری آرگنائزنگ کمیٹی اوج ظہور  سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ چیمپین شپ کے فائنل میں آرمی نے ایئر فورس کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا اور کسی بھی موقع پر حریف ٹیم کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیا اور  52پوائنٹس کے مقابلے میں 76پوائنٹس سے شکست دیتے ہوئے چیمپین شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔چیمپین شپ کی تیسری پوزیشن کے میچ میں  واپڈا نے پی او ایف کو 51-68پوائنٹس سے شکست دی  ۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔  احسان مزاری نے چیمپین شپ میں شریک کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسان مزاری نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے ، باسکٹ بال فیڈریشن کو شاندار ٹورنامنٹس کرانے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ باسکٹ بال کھیل کی ترقی کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ، سپورٹس فیڈریشنز کی ہر ممکن سپورٹ کریں گے ، جو فیڈریشن میڈلز لے کر آئے گی انہیں ضرور فنڈنگ کریں گے جبکہ بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کیلئے غیرملکی کوچز کی خدمات بھی لیں گے۔