دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت کو اپنی پالیسی واضح کرنی چاہئے، فوری قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے، نور عالم خان

26

اسلام آباد۔31جنوری  (اے پی پی):پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت کو اپنی پالیسی واضح کرنی چاہئے۔فوری طور پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں سانحہ پشاور پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے نور عالم خان نے کہا کہ میں پشاور سے ہوں، ہمارے 100 سے زائد لوگ شہید ہوئے ہیں، صرف 100 لوگ نہیں ہیں ان کے ساتھ ان کے خاندان بھی ہیں، یہ دہشت گردی کون  کر رہا ہے، اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے، میں پرسوں پشاور میں تھا، سرکاری گاڑی کے باوجود مجھے ریڈ زون میں روکا گیا، مجھ سے شناختی کارڈ مانگا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یوں لگا جیسے میں دوسرے درجہ کا شہری ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں، حکومت کو اپنی پالیسی واضح کرنی چاہئے، اس ایوان کو بریفنگ دی جائے، پشاور میں افغانی آزادی سے پھرتے ہیں، ہم پاکستانیوں کو روکا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس کی تنخواہیں کم ہیں، پولیس شہداء کے لواحقین کو صرف 10 لاکھ دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پالیسی واضح کرے اور قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرے۔