سعودی عرب، جُڑے اجسام والے جڑواں بچوں کا ایک اور کامیاب آپریشن کر دیا گیا

4

ریاض، 12جنوری(اےپی پی): سعودی دارالخلافہ کے شاہ عبداللہ خصوصی ہسپتال برائے اطفال میں  آج  جُڑے اجسام والے (سیامی) بچوں کا ایک اور کامیاب آپریشن کیا گیا۔

سعودی وزارت اطلاعات کے مطابق عراقی سیامی جڑواں بچوں علی اور عمر کا دھڑ جُڑا ہوا تھا جن کی علیحدگی کا آپریشن آج صبح شروع کیا گیا جو 11 گھنٹے طویل دورانیے کے بعد کامیاب رہا۔ سرجیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ کی قیادت میں کنسلٹنٹس، ماہرین، اور نرسنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 27 ڈاکٹروں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے بتایا کہ سرجری چھ مرحلوں میں مکمل کی گئی۔

 ڈاکٹر الربیعہ نے اپنے اور میڈیکل ٹیم کی جانب سے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت جدید آلات و سہولیات سے مزین جدید ترین ہسپتال میں دھڑ کو جدا کرنے کے آپریشن کامیاب ہورہے ہیں۔

 یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ آپریشن جمہوریہ عراق سے سیامی جڑواں بچوں کی علیحدگی کا پانچواں کیس ہے۔ جبکہ 1990 سے جڑواں بچوں کی علیحدگی کے سعودی پروگرام کے اندر یہ 54واں آپریشن ہے۔ اس کے علاوہ  23 ممالک سے مذید 127 کیسز کا جائزہ بھی لی جارہا ہے۔