صدر ڈاکٹر عارف علوی سے سبکدوش ہونے والے کابینہ سیکرٹری سردار احمد نواز سکھیرا اور صدر کے پریس سیکرٹری قمر بشیر کی الوداعی ملاقاتیں

35

اسلام آباد،31جنوری(اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سبکدوش ہونے والے کابینہ سیکرٹری سردار احمد نواز سکھیرا اور صدر کے پریس سیکرٹری قمر بشیر نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں علیحدہ علیحدہ الوداعی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے کابینہ سیکرٹری کی حکومت پاکستان کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے مستقبل کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے پریس سیکرٹری برائے صدر مملکت کی حیثیت سے قمر بشیر کی خدمات کو بھی سراہا اور انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔

 ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق سردار احمد نواز سکھیرا پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ایک افسر ہیں جنہوں نے 1985 میں سول سروس میں شمولیت اختیار کی۔ 16 اپریل 2020 کو کیبنٹ سیکرٹری کے طور پر فرائض سنبھالنے سے قبل وہ وفاقی سیکرٹری برائے تجارت اور ٹیکسٹائل، اطلاعات و نشریات، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور نجکاری کے عہدے پر تعینات رہے۔ حکومت پاکستان نے احمد نواز سکھیرا کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں 14 اگست 2022 کو عوامی خدمت کے شعبے میں ”ہلال امتیاز” کے قومی اعزاز سے نوازا۔

  قمر بشیر انفارمیشن گروپ کے افسر ہیں جنہوں نے 1991 میں سول سروس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مئی 2022 میں پریس سیکرٹری کے طور پر فرائض سنبھالنے سے پہلے وہ شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، وزارت اطلاعات میں جوائنٹ سیکرٹری اور پیرس، فرانس میں پاکستان کے پریس قونصلر کے عہدے پر فائز رہے۔