پانچ سو ساٹھ طالبات کا صوابی ویمن یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کرنا خوش آئند بات ہے؛گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی

42

صوابی،31 جنوری(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ 560 طالبات کا وومن یونیورسٹی صوابی سے تعلیم مکمل کرنا خوش آئیند ہے، صوابی کی سرزمین پر طالبات کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم فراہم کرنے پر وویمن یونیورسٹی صوابی کی فیکلٹی و انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صوابی میں شروع سے تعلیمی شعور زیادہ رہا ہے اور یہاں تعلیمی قابلیت کی کوئی کمی نہیں۔

ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی نے منگل کو یہاں   وویمن یونیورسٹی صوابی کے دوسرے کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ایک وقت ایسا بھی تھا جب ہم تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کیلئے کوٹہ مختص کرتے تھے، مگر آج سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نہ صرف لڑکیوں کی تعداد لڑکوں سے زیادہ ہے بلکہ نمایاں پوزیشنیں بھی لڑکیوں حاصل کر رہی ہیں۔

گورنر نے کہا کہ بلاشبہ خواتین ملکی و معاشرتی ترقی سمیت تمام شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں، موجودہ دور مقابلہ کا دور ہے،طالبات کو چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میرے صوبہ کی تعلیم یافتہ بچیاں تمام مشکلات و چیلنجز سے گھبرانے کی بجائے ڈٹ کر مقابلہ کریں گی،  میرا یقین ہے کہ ہمارے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔

گورنر نے کانووکیشن میں نمایاں تعلیمی پوزیشن حاصل کرنیوالی طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے۔ جبکہ 16 طالبات میں ایم فل ڈگریاں تقسیم کیں اور مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنیوالی 560 طالبات، والدین اور یونیورسٹی فیکلٹی و انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔

یونیورسٹی کانووکیشن میں شہداء پولیس لائینز دھماکہ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی کی گئی، گورنر سمیت تمام شرکاء کانووکیشن نے شہداء کے درجات بلندی، لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر حامد شاہ، سابق سیکرٹری داخلہ اختر علی شاہ، سابق صوبائی وزیر فضل حقانی، امان اللہ حقانی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی، وائس چانسلر شہید بینظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد  سمیت، طالبات، والدین اور فیکلٹی اراکین شریک تھے۔