اوکاڑہ:چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ کا اوکاڑہ کا دورہ،ضلع میں بنائے گئے رائٹ ٹو انفارمیشن سنٹر کا افتتاح کیا

27

اوکاڑہ،26جنوری (اے پی پی):چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ کا اوکاڑہ کا دورہ،ضلع میں بنائے گئے رائٹ ٹو انفارمیشن سنٹر کا افتتاح کیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبد الجبار،اسسٹنٹ کمشنر زاہد سمیت تمام محکموں کے ضلعی سر براہان بھی موجود تھے چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ نے سرکاری افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ پر عملد رآمد سے سرکاری محکموں میں شفافیت سے معاملات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی عام شہری ایک درخواست کے ذریعے کسی بھی سرکاری دفتر سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے اور متعلقہ محکمہ 14 دن کے اندر اندر یہ معلومات فراہم کرنے کا پابند ہوگا انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری دفاتر کا یہ بنیادی فرض ہے کہ وہ اپنے محکمہ سے متعلقہ معلومات تک رسائی کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے ذریعے قانون کی حکمرانی اور باخبر عوام بہتر نظام کی عملی تعبیر ممکن ہو سکے گی صوبہ کے تمام اضلاع میں آر ٹی آئی سنٹر بنائے گئے ہیں اور یکساں طور نظام کو اس طرح تشکیل دیا جا رہا ہے کہ عام شہریوں کو سرکاری دفاتر اور پبلک باڈیز سے متعلق معلومات مقررہ وقت میں مل سکے انہوں نے کہا کہ اگر معاملات شفاف ہوں گے تو سرکاری محکموں کی کار کردگی بہتر ہو گی ضلع میں آر ٹی آئی سنٹر شکایات کے ازالہ میں معاون و مددگار ہوں گے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کا مطمع نظر ہر محکمہ میں شفافیت کے عمل کو موثر بنانا ہے چیزوں کو خفیہ رکھنے سے معاملات میں خرابی آتی ہے اور لوگوں کا اداروں پر اعتماد متزلزل ہوتا ہے چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قاد ر شاہ نے کہا کہ ضلع میں پبلک انفارمیشن آفیسرز کی ماہانہ بنیاد پر میٹنگ کی جائے تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سر براہان اپنے اپنے محکموں میں پی آئی اوز بلحاظ عہدہ نامزد کریں اس موقع پر ڈائر یکٹر آگاہی و ٹریننگ نعمان نذیر اور میڈم سعدیہ مظہر نے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی اور اس کے افادیت سے متعلق بتایا چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قاد ر شاہ نے بتایا کہ مستقبل قریب میں تمام محکمے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ سے متعلق معلومات کو ڈیجیٹل انداز میں مرتب کریں اور اس سلسلہ میں ہر محکمہ معلومات تک رسائی کے لئے پورٹل بنائے انہوں نے کہا کہ افسران کی محنت قانون پر عملد رآمد اور روشن خیالی سے اس ایکٹ پر عملد رآمد سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے اور لوگوں کو سرکاری محکموں سے متعلقہ معلومات دستیاب ہوں گی۔