بلوچستان کے جامعات اعلٰی تعلیم کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں؛  چیئرمین  ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختاراحمد

6

کوئٹہ،3جنوری(اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختاراحمد نے کہا ہے کہ بلوچستان کے جامعات اعلٰی تعلیم کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں،  ہیلتھ ایجوکیشن بہت اہم ہے بلوچستان میں اس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

 یہ با ت منگل  کو بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں بلوچستان کے تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلران کے ساتھ کانفرنس میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہاں آنے کامقصد یہی ہے کہ میں بذات خود بلوچستان کے جامعات کو درپیش مسائل اور مشکلات کا جائزہ لے سکوں اور ان کی تدارک کے بارے میں تمام وائس چانسلران اور حکومت بلوچستان کی مشاورت سے اقدامات اٹھائی جاسکے اور جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ کر طلباء کواعلٰی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں،  یونیورسٹی انتظامیہ کو طلباء کوجدید تعلیم کی حصول میں سہولت کار بننا چاہئے ان کو معیاری سرگرمیوں مصروف رکھ کر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے اپنی کوشش جاری رکھیں۔

 چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ جامعات کو کمرشل موقعوں سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے تاکہ مالی مشکلات پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ ایچ ای سی یونیورسٹیوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے فنڈز کی حصول کے لئے مرکزی حکومت سے کہا ہے، فنڈز ملتے ہی بلوچستان کے جامعات کو ان کے حصے کا فنڈز جاری کردیا جائے گا۔

اس موقع پر تمام جامعات کے وائس چانسلران نے اپنے اپنے متعلقہ یونیورسٹیز کو درپیش مالی اور دیگر معاملات کے بارے میں چیئرمین کوآگاہی فراہم کی۔قبل ازیں وائس جانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی ستارہ و ہلال امتیاز نے چیئرمین کو بیوٹمز کی کارکردگی، مالی معاملات، اور فراہمی اعلیٰ جدید تعلیم کے میدان میں کی جانے والی پروگریس کے بارے میں بریفنگ دی۔

 اس موقع پر وی سی بیوٹمز انجینئر احمدفارق بازئی کے علاوہ وی سی تربت ڈاکٹر محمد جان، وی سی بلوچستان یونیورسٹی پرفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان، وی سی خضدار یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، وی سی چاکر خان رند یونیورسٹی ڈاکٹر مشتاق شاہ، وی سی گوادر یونیورسٹی ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، وی سی وومن یونیورسٹی ساجدہ نورین، وی سی بولان میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر فریدہ، ڈاکٹر مقصود وی سی یونیورسٹی آف لورالائی،  وی سی لسبیلہ  یونیورسٹی ڈاکٹر دوست محمد بلوچ۔ موجود تھے۔

 بعد ازاں چیئرمین ایچ ای سی نے بیوٹمز کے شعبہ نیشنل ایکوبیشن سینٹر، منیجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کی نئی عمارت، اور آرٹس سینٹر کادورہ بھی کیا۔