تھرپارکر،09 جنوری(اے پی پی):تھرپارکر میں سندھ حکومت کی جانب سے سستا آٹا روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار سستا آٹا ریلیف انچارج تھرپارکر فوڈ انسپکٹر کرشن لوہانہ نے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تھرپارکر کی عوام کو ریلیف کا آٹا 65 روپے کلو کے حساب سے دیا جا رہا ہے،تھرپارکر کے شہروں سمیت دیہاتوں میں بھی سستا آٹا پہنچانے کا کام جاری ہے اور کہا کہ گزشتہ دو روز میں 22 ہزار دس کلو والےبیگ دئیے گئے، دس کلو آٹا 650 روپے میں دیا جا رہا ہے۔ تھرپارکر کے شہروں مٹھی، ڈیپلو ،اسلام کوٹ ، ننگرپارکر ، چھاچھرو ،کلوئی سمیت دیگر شہروں میں سستے آٹے کے اسٹال قائم کیے گئے ہیں۔ تھرپارکر ضلع بھر میں روزانہ چھ سے سات ہزار دس کلو والےآٹے کے بیگ دئیے جا رہےہیں۔
فوڈ انسپکٹر کرشن لوہانہ نے کہا کے جلد تھرپارکر کے دیہی علاقوں میں بھی اسٹال قائم کیے جائیں گے جس سے غریب عوام کو سستا آٹا لینے میں مزید آسانی ہو گی۔