خیرپور؛بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعدعوام کو ریلیف اور سہولیات کی فراہمی ایک بڑا امتحان تھا،ڈپٹی کمشنر

10

خیرپور،09جنوری(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد ضلعی انتظامیہ سمیت سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی جانب سے ریلیف اور عوام کو مختلف سطح پر سہولیات کی فراہمی ایک بڑا امتحان تھا جہاں مضبوط حکمت عملی کا مظاہرہ کیا گیا ضلعی انتظامیہ نے دن رات محنت کرکے متاثرین کو بھرپور ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا جس میں روٹری کلب ڈیٹس ویلی کا کردار کسی سے مخفی نہیں،بہتر منصوبہ بندی ہی ہدف کا حاصل کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیم خانہ کلب خیرپور میں روٹری کلب ڈیٹس ویلی کی برسات اور سیلاب کے دوران کارکردگی رپورٹ اور کلب کے گورنرسید تہذیب الحسن کاظمی کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں روٹری کے صدر رضوان احمد اور سیکریٹری ڈاکٹر سہیل مجیدانو نے کارکردگی کے حوالے سے بریف کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور سمیت دیگر معززین کو روٹری کا اعزازی رکن بھی بنایا گیا۔تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روٹیرین، سرکاری اور غیر سرکاری افسران کو تعریفی شیلڈز دی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روٹری کلب کے گورنر سید تہذیب الحسن کاظمی نے کہا کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت بچانے کے مترادف ہے روٹری کلب ڈیٹس ویلی نے جس طرح کام کیا وہ قابل ستائش ہے اور دیگر اضلاع میں بھی روٹیرین کو خیرپور جیسا کام کرنے کی ضرورت ہے۔